اللہ عز و جل کا فرمان ہے: ﴿إِنَّ اللهَ لاَ يَغْفِـرُ أَن يُشْرَكَ بِهِ وَيَغْفِرُ مَا دُونَ ذَلِكَ لِمَنْ يَشَاءُ﴾ [النِّسَاء:۴۸]
“یقیناً اللہ تعالیٰ اپنے ساتھ شریک کیے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سوا جسے چاہے بخش دیتا ہے۔”
ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام نے دعا کی تھی: ﴿وَاجْنُبْنِي وَبَنِيَّ أَنْ نَّعْبُدَ الأَصْنَامَ﴾ [إِبْرَاهِيم:۳۵]
“اور اے میرے رب! مجھے اور میری اولاد کو بُتوں کی عبادت سے بچانا۔”
جب کہ حدیث میں ہے: "مجھے تمہارے بارے میں جس چیز کا سب سے زیادہ خوف ہے، وہ شرک اصغر ہے۔" آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے بارے میں پوچھا گیا، تو فرمایا: "ریاکاری۔"
اسی طرح ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "جو شخص اس حال میں مرے کہ وہ اللہ کے سوا اوروں کو بھی پکارتا رہا ہو، وہ جہنم میں جائے گا۔" اسے امام بخاری نے روایت کیا ہے۔ اور صحیح مسلم میں جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جو شخص اللہ سے اس حال میں ملے کہ وہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہو، تو وہ جنت میں داخل ہو گا اور جو شخص اللہ سے اس حال میں ملے کہ وہ اس کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا ہو، تو وہ جہنم میں داخل ہو گا۔"
اس باب کے کچھ اہم مسائل
پہلا مسئلہ: شرک سے ڈرنا چاہیے۔
دوسرا مسئلہ: ریاکاری بھی شرک میں داخل ہے۔
تیسرا مسئلہ: ریاکاری 'شرکِ اصغر' ہے۔
چوتھا مسئلہ: نیک لوگوں کے بارے میں جس چیز کا خوف سب سے زیادہ رہتا ہے، وہ ریاکاری ہے۔
پانچواں مسئلہ: جنت اور جہنم انسان سے نہایت قریب ہیں۔
چھٹا مسئلہ: ایک ہی حدیث میں جنت اور جہنم دونوں کے قریب ہونے کی بات کہی گئی ہے۔
ساتواں مسئلہ: جو اس حال میں اللہ سے ملے کہ اُس نے شرک نہ کیا ہو، وہ جنت میں داخل ہو گا اور جسے شرک کی حالت میں موت آئے، وہ جہنم میں جائے گا، اگرچہ وہ بہت بڑا عابد و زاہد ہی کیوں نہ رہا ہو۔
آٹھواں مسئلہ: ابراہیم علیہ السلام کا اپنے اور اپنی اولاد کے لیے بتوں کی عبادت سے محفوظ رہنے کی دعا کرنا، اپنے آپ میں ایک بہت بڑی بات ہے۔
نواں مسئلہ: ابراہیم علیہ السلام نے اس قول کے ذریعہ اکثر لوگوں کی حالتِ زار سے عبرت حاصل کی ہے: ﴿اے میرے رب! انہوں نے بہت سے لوگوں کو راہ سے بھٹکا دیا ہے۔﴾
دسواں مسئلہ: اس میں 'لا الہِ الّا اللہ' کی تفسیر ہے، جیسا کہ امام بخاری نے ذکر کیا ہے۔
گیارہواں مسئلہ: شرک سے بچے رہنے والوں کی فضیلت ثابت ہوتی ہے۔
مفت ایپ میں بھی
آف لائن ڈاؤن لوڈ · مکمل کتاب · آڈیو دروس
اگلا باب →
باب: لوگوں کو 'لا الہ الا اللہ' کی گواہی دینے کی دعوت دینا
← پچھلا باب
باب: توحید کے تقاضوں کو پورا کرنے والا بلا حساب جنت میں جائے گا