ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا، جو میری مخلوق جیسی کوئی مخلوق بنانے کی کوشش کرے۔ ﴿اگر اسے یہی گھمنڈ ہے﴾ تو اسے چاہیے کہ ایک ذرہ پیدا کرے یا ایک دانہ پیدا کرے یا ایک جو بنا کر دکھا دے۔" اسے امام بخاری اور امام مسلم دونوں نے روایت کیا ہے۔
اور صحیحین ہی میں عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قیامت کے دن سب سے سخت عذاب ان لوگوں کو دیا جائے گا، جو پیدا کرنے اور بنانے میں اللہ تعالیٰ کی تخلیق سے مشابہت اختیار کرتے ہیں۔"
اور صحیحین ہی میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے: "ہر تصویر بنانے والا جہنم میں جائے گا۔ اس کی بنائی ہوئی ہر تصویر کے بدلے اس کی ایک جان بنائی جائے گی، جس کے ذریعہ اس مصور کو جہنم میں عذاب سے دو چار کیا جائے گا۔"
صحیحین ہی میں ابن عباس ہی سے مرفوعًا روایت ہے: "جو شخص دنیا میں کوئی تصویر بنائے گا، اُسے قیامت کے دن پابند کیا جائے گا کہ وہ اس تصویر میں روح پھونکے، مگر وہ اس میں روح نہیں پھونک سکے گا۔"
اور صحیح مسلم میں ابوالہیّاج سے مروی ہے کہ علی رضی اللہ عنہ نے اُن سے فرمایا: "کیا میں تمہیں اس کام پر نہ بھیجوں، جس پر مجھ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھیجا تھا۔ ان کا حکم تھا کہ تم کسی تصویر کو مٹائے بغیر اور کسی بلند قبر کو زمین کے برابر کیے بغیر نہ چھوڑنا۔"
اس باب کے کچھ اہم مسائل
پہلا مسئلہ: تصویر بنانے والوں کے متعلق شدید وعید آئی ہے۔
دوسرا مسئلہ: تصویریں بنانے سے ممانعت کی علت یہ ہے کہ یہ کام اللہ کی جناب میں بڑی بے ادبی ہے۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: "وَمَنۡ اَظۡلَمُ مِمَّنۡ ذَهَبَ یَخۡلُقُ كَخَلۡقِيۡ ؟" ﴿اس شخص سے بڑا ظالم کون ہوگا، جو میری مخلوق جیسی مخلوق بنانے کی ناروا کوشش کرتا ہے؟﴾
تیسرا مسئلہ: یہاں اللہ تعالیٰ کی قدرت اور مخلوق کی عاجزی کا بیان ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: «انہیں چاہیے کہ یہ لوگ ایک ذرہ، یا ایک دانہ یا ایک جَو ہی بنا کر دکھادیں؟!»
چوتھا مسئلہ: یہاں اس بات کی صراحت ہے کہ تصویر بنانے والوں کو سب سے زیادہ عذاب دیا جائے گا۔
پانچواں مسئلہ: اللہ تعالیٰ ہر تصویر کے بدلے ایک جان پیدا کرے گا، جس کے ذریعے مصور کو جہنم میں عذاب دیا جائے گا۔
چھٹا مسئلہ: مصور کو پابند کیا جائے گا وہ ان تصویروں میں جان ڈالے۔
ساتواں مسئلہ: جہاں کوئی تصویر ملے، اسے مٹا دینا چاہیے۔
مفت ایپ میں بھی
آف لائن ڈاؤن لوڈ · مکمل کتاب · آڈیو دروس