اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَلَقَدْ عَلِمُواْ لَمَنِ اشْتَرَاهُ مَا لَهُ فِي الآخِرَةِ مِنْ خَلاَقٍ﴾ [الْبَقَرَةُ:۱۰۲]
“وہ یقینی طور پر جانتے ہیں کہ اس کے لینے والے کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔”
نیز فرمایا: ﴿يُؤْمِنُونَ بِالْجِبْتِ وَالطَّاغُوتِ﴾ [النِّسَاءُ:۵۱]
“اور وہ جبت ﴿جادو﴾ اور طاغوت ﴿شیطانوں﴾ پر ایمان رکھتے ہیں۔”
عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: "جبت جادو کو اور طاغوت شیطان کو کہتے ہیں۔"
جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ﴿طاغوت ان کاہنوں کو کہتے ہیں، جن کے پاس شیطان آیا کرتے تھے اور ہر محلے کا الگ الگ کاہن ہوا کرتا تھا۔﴾
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "سات ہلاک کرنے والی چیزوں ﴿گناہوں﴾ سے بچو۔"
صحابہ کرام نے دریافت کیا: یا رسول اللہ! وہ ﴿سات چیزیں﴾ کیا ہیں؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ کا ساجھی ٹھہرانا، جادو کرنا، کسی آدمی کی ناحق جان لینا، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، میدانِ جنگ سے فرار ہونا اور بھولی بھالی پاک دامن مؤمنہ عورتوں پر تہمت لگانا۔"
اور جندب رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے: ﴿جادو گر کی سزا تلوار سے اسے قتل کر دینا ہے۔﴾ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: صحیح بات یہ ہے کہ یہ حدیث موقوف ہے۔
صحیح بخاری میں بجالہ بن عبدہ سے روایت ہے کہ عمر رضی اللہ عنہ نے لکھ کر بھیجا کہ ہر جادو گر مرد اور عورت کو قتل کر دو۔ چنانچہ ہم نے تین جادو گرنیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
اور حفصہ رضی اللہ عنہا سے بسند صحیح روایت ہے کہ انہوں نے اپنی ایک لونڈی کو قتل کرنے کا حکم دیا، جس نے اُن پر جادو کر دیا تھا۔ چنانچہ اسے قتل کر دیا گیا۔
اسی طرح جندب رضی اللہ عنہ سے بھی ایسا ہی ثابت ہے۔
امام احمد فرماتے ہیں: ﴿جادو گروں کو قتل کرنا تین صحابہ سے ثابت ہے۔﴾
اس باب کے کچھ اہم مسائل
پہلا مسئلہ: سورہ البقرہ کی ایک آیت کی تفسیر۔
دوسرا مسئلہ: اس میں سورہ النساء کی ایک آیت کی تفسیر ہے۔
تیسرا مسئلہ: اس میں 'جِبت' اور 'طاغوت' کے معنی کی وضاحت اور ان کے درمیان فرق بیان کیا گیا ہے۔
چوتھا مسئلہ: 'طاغوت' جن بھی ہوتے ہیں اور انسان بھی۔
پانچواں مسئلہ: ان سات ہلاک کرنے والی چیزوں کا بھی علم ہوا، جن کے بارے میں خصوصی طور پر ممانعت وارد ہے۔
چھٹا مسئلہ: جادو گر کافر ہو جاتا ہے۔
ساتواں مسئلہ: جادو گر کو بغیر توبہ کرائے قتل کر دیا جائے گا۔
آٹھواں مسئلہ: جب عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں بھی مسلمانوں کے درمیان جادو موجود تھا، تو بعد کے ادوار کا کیا حال ہو گا؟
مفت ایپ میں بھی
آف لائن ڈاؤن لوڈ · مکمل کتاب · آڈیو دروس